کفایت شعاری مہم: سینیٹ نے ایک ارب 43 کروڑ روپے قومی خزانے میں جمع کرا دیے

image

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ایوان کو آگاہ کیا ہے کہ کفایت شعاری مہم کے نتیجے میں سینیٹ نے ایک ارب 43 کروڑ 60 لاکھ روپے کی بچت کرکے قومی خزانے میں واپس جمع کرا دیے ہیں۔

سینیٹ اجلاس کے دوران بچت کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے بتایا کہ مالی سال 2025-26 میں سینیٹ نے اپنے مجموعی بجٹ کا 15.9 فیصد بچایا، جو وزارتِ خزانہ کی جانب سے مقرر کردہ ہدف سے 500 فیصد زیادہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کفایت شعاری مہم کا آغاز انہوں نے اپنے دفتر سے کیا اور تمام شعبوں میں غیر ضروری اخراجات کم کرنے پر توجہ دی گئی۔

سید یوسف رضا گیلانی کے مطابق سینیٹ فنانس کمیٹی کے 18 میں سے 17 ترقیاتی اور خریداری منصوبے مؤخر کیے گئے، جس کے باعث کروڑوں روپے کی بچت ممکن ہوئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بھرتیوں، انتظامی اور آپریشنل اخراجات میں نمایاں کمی کے ذریعے مالی نظم و ضبط کو فروغ دیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سرکاری گاڑیوں کی خریداری کے لیے مختص 6 کروڑ روپے بھی خرچ نہیں کیے گئے اور موجودہ مالی سال کے دوران سینیٹ نے ایک بھی نئی سرکاری گاڑی نہیں خریدی، جو حکومتی کفایت شعاری پالیسی پر عمل درآمد کی واضح مثال ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US