وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں جاری شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کردی ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہر شہر کے اہم چوکوں اور چوراہوں پر سائے اور شیڈز کا انتظام کیا جائے، جبکہ ویگن اسٹینڈز، بس ٹرمینلز اور ریلوے اسٹیشنز پر مسافروں کی سہولت کے لیے ٹھنڈے پانی، پنکھوں اور کولرز کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے سرکاری دفاتر میں آنے والے شہریوں کو بھی ٹھنڈا پانی فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی کے باعث عوام کو ہر ممکن سہولت مہیا کی جائے۔
مریم نواز شریف نے شہریوں سے اپیل کی کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور خصوصاً خواتین، بزرگوں اور بچوں کا خصوصی خیال رکھا جائے تاکہ انہیں گرمی اور لو کے مضر اثرات سے محفوظ رکھا جاسکے۔
وزیراعلیٰ نے اسکولوں میں جاری سمر کیمپس کے دوران طلبہ اور اساتذہ کے لیے بھی ٹھنڈے پانی، پنکھوں اور ایئر کولرز کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے ٹریفک پولیس کو بھی ہدایت جاری کی کہ چلچلاتی دھوپ میں موٹر سائیکل سواروں کو بلاوجہ نہ روکا جائے، خصوصاً اگر بائیک پر فیملی یا بچے سوار ہوں تو انہیں دھوپ میں کھڑا کرنے سے اجتناب کیا جائے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ شدید گرمی اور لو کے اثرات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہی سب سے مؤثر حکمت عملی ہے، اس لیے عوام اپنی صحت اور حفاظت کو ترجیح دیں۔