مری ایکسپریس وے سانحہ: 10 اموات کا مقدمہ درج، ڈرائیور نامزد

image

مری ایکسپریس وے پر گاڑی میں آتشزدگی کے نتیجے میں 10 مسافروں کے جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے میں ڈرائیور کے خلاف قتل بالسبب، تیز رفتاری اور غفلت سے گاڑی چلانے سمیت مختلف دفعات شامل کی ہیں۔

موٹر وے پولیس کے ایک انسپکٹر کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق حادثہ مبینہ طور پر ڈرائیور کی لاپرواہی اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ گاڑی بے قابو ہو کر پھسلتے ہوئے نالے میں جا گری، جہاں حفاظتی دیوار میں پھنسنے کے باعث دروازے نہ کھل سکے۔

ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ نالے میں گرنے کے بعد گاڑی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث مسافر بروقت باہر نہ نکل سکے اور 10 افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے جن میں 5 بچے بھی شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق حادثے میں 7 بچوں سمیت 16 مسافر زخمی ہوئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔واقعے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ حادثے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US