کراچی میں شدید گرمی، یو اے ای قونصل جنرل کی کارکنوں کے تحفظ کے لیے خصوصی ہدایات

image

متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل ڈاکٹر بخیت عتیق نے شہر میں جاری شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر کارکنوں کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

ایک بیان میں ڈاکٹر بخیت عتیق نے کہا کہ شدید گرمی کے دوران کارکنوں کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے دوپہر 12:30 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک کام معطل رکھا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ کارکنوں کو سایہ دار آرام گاہیں، پینے کے صاف پانی اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ ہیٹ ویو کے منفی اثرات سے محفوظ رہ سکیں۔

قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ شدید موسمی حالات میں کارکنوں کا تحفظ صرف ایک انتظامی ضرورت نہیں بلکہ انسانی اور اخلاقی ذمہ داری بھی ہے جسے ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے۔

انہوں نے متعلقہ اداروں اور کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ گرمی کی شدت کے دوران حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد کریں تاکہ کارکنوں کی صحت اور جانوں کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US