راولپنڈی کے علاقے افندی کالونی، بلمقابل بلال ہسپتال صادق آباد میں ایک رہائشی گھر میں گیس جمع ہونے کے باعث زور دار دھماکا ہوا جس کے بعد گھر میں آگ بھڑک اٹھی اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پانچ ایمرجنسی گاڑیاں فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کی گئیں، جہاں امدادی ٹیموں نے آگ پر قابو پانے اور متاثرین کو نکالنے کا کام شروع کیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکہ ممکنہ طور پر گھر میں گیس جمع ہونے کے باعث پیش آیا، جس کے نتیجے میں آگ لگ گئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی منتقل کر دیا۔
حکام کے مطابق حادثے میں مجموعی طور پر سات افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ فائر فائٹنگ اور امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔