وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں کہا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی کاوشیں شامل رہی ہیں، جبکہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث معیشت میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کی محنت کے نتیجے میں مہنگائی سنگل ڈیجیٹ سطح پر آ گئی ہے، جبکہ ماضی میں یہ شرح 38 فیصد تک پہنچ چکی تھی۔ ان کے مطابق اگر مہنگائی اسی سطح پر برقرار رہتی تو حالات انتہائی سنگین ہوتے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہو کر 11 فیصد تک آ گیا ہے، جو معیشت میں بہتری کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترسیلاتِ زر نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں اور اس وقت بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات 33.9 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں، جس میں سال بہ سال 9 فیصد اضافہ ہو رہا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 17.2 ارب ڈالر کی سطح پر ہیں، جو معاشی استحکام کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آئی ٹی ایکسپورٹس 3.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، جبکہ فری لانسرز کا اس میں 995 ملین ڈالر کا اہم حصہ ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مالی خسارہ جو 2022 میں جی ڈی پی کے 8 فیصد کے قریب تھا، اب کم ہو کر صرف 0.7 فیصد رہ گیا ہے، جو حکومت کی معاشی پالیسیوں کی کامیابی کا ثبوت ہے۔