پنجاب میں محرم کے دوران سیکیورٹی پلان تیار، ایک لاکھ سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے

image

پنجاب پولیس نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور مجالس و جلوسوں کے لیے جامع سیکیورٹی پلان تیار کرلیا ہے۔

آئی جی پنجاب کے مطابق لاہور سمیت صوبہ بھر میں عشرہ محرم کے دوران مجالس اور عزاداری جلوسوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ اس دوران مجموعی طور پر 37 ہزار 868 مجالس اور 9 ہزار 412 جلوس منعقد ہوں گے، جن کی حفاظت کے لیے ایک لاکھ 24 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 41 ہزار 200 اہلکار مجالس جبکہ 73 ہزار 400 سے زائد اہلکار جلوسوں کی سیکیورٹی پر تعینات ہوں گے۔ اس کے علاوہ جلوسوں کے روٹس، مجالس اور حساس مقامات کے اطراف 9 ہزار 500 سے زائد اہلکار پیٹرولنگ کے فرائض انجام دیں گے۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ سیکیورٹی ڈیوٹی میں سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ، ٹریفک پولیس، ڈولفن فورس سمیت تمام فیلڈ فارمیشنز حصہ لیں گی، جبکہ سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کے ذریعے مجالس اور جلوسوں کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ صرف منظور شدہ روٹس اور مقامات پر ہی مجالس و جلوسوں کی اجازت ہوگی، جبکہ دفعہ 144 اور لاؤڈ اسپیکر ایکٹ پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

آئی جی پنجاب کے مطابق 9 اور 10 محرم الحرام کو صوبے بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی، تاہم بزرگ شہریوں، خواتین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو اس پابندی سے استثنا حاصل ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US