آزاد کشمیر میں ہڑتال پر شہریوں کا ملا جلا ردعمل، عوامی مشکلات میں اضافے کی شکایات

image

آزاد کشمیر میں کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی ہڑتال کے اثرات پر شہریوں کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آیا ہے، جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے روزمرہ زندگی متاثر ہونے اور معاشی مشکلات میں اضافے کی شکایت کی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ہڑتال کے باعث غریب اور دیہاڑی دار طبقہ شدید مشکلات سے دوچار ہے، جبکہ کاروباری سرگرمیوں کی بندش نے عام لوگوں کی روزی روٹی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

متاثرہ افراد کے مطابق گھروں میں بنیادی اشیائے خورونوش کی کمی محسوس کی جا رہی ہے، بعض شہریوں نے بتایا کہ چینی اور آٹے کی دستیابی متاثر ہوئی ہے جبکہ روزگار کے مواقع محدود ہونے سے گھریلو نظامِ زندگی بھی متاثر ہوا ہے۔

عوام کا کہنا ہے کہ مسلسل احتجاجی صورتحال اور ہڑتالوں کے باعث عام شہری کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے اور خطے کے لوگ اب مزید معاشی و سماجی بحرانوں کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

دوسری جانب بعض شہریوں نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا ہے کہ سوشل میڈیا اور مختلف ذرائع پر صورتحال سے متعلق غیر مصدقہ اور افواہوں پر مبنی اطلاعات پھیلائی جا رہی ہیں، جن سے عوام میں بے چینی میں اضافہ ہو رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US