نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی شیری رحمان نے کہا ہے کہ دنیا ایران اور امریکا کے درمیان متوقع مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منتظر ہے، جبکہ پاکستان نے تمام چیلنجز، خدشات اور رکاوٹوں کے باوجود امن کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھی ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں شیری رحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے امن عمل کو آگے بڑھانے کے لیے بھرپور اور مؤثر سفارتی کردار ادا کیا اور خطے میں استحکام کے فروغ کے لیے غیر معمولی عزم اور مستقل مزاجی کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پیچیدہ اور غیر یقینی حالات میں امن خود بخود قائم نہیں ہوتا بلکہ اس کے لیے مسلسل کاوشیں، مکالمہ، تدبر اور افہام و تفہیم ضروری ہوتے ہیں۔ ان کے بقول تصادم کے بجائے مذاکرات ہی پائیدار امن کی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔
شیری رحمان نے مزید کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات میں پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے، جو خطے میں امن و استحکام کے لیے ملک کی سنجیدہ کوششوں کا مظہر ہے۔