نادرا کی ڈیجیٹل سروسز کے استعمال میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں پاک آئی ڈی ایپ کی مقبولیت مسلسل بڑھتے ہوئے نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاک آئی ڈی ایپ کے مجموعی ڈاؤن لوڈز کی تعداد ایک کروڑ 81 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق نومبر 2025 سے مئی 2026 تک کے صرف سات ماہ کے دوران 81 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد نے پاک آئی ڈی ایپ ڈاؤن لوڈ کی، جس سے اس ڈیجیٹل پلیٹ فارم کی تیزی سے بڑھتی ہوئی مقبولیت کا اندازہ ہوتا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اینڈرائیڈ صارفین پاک آئی ڈی ایپ کے سب سے بڑے صارفین بن کر سامنے آئے ہیں، جہاں مجموعی طور پر 71 لاکھ 30 ہزار سے زائد ڈاؤن لوڈز ریکارڈ کیے گئے، جبکہ آئی او ایس پلیٹ فارم پر بھی 10 لاکھ 50 ہزار سے زیادہ صارفین نے ایپ ڈاؤن لوڈ کی۔
نادرا کے مطابق مارچ سے مئی 2026 کے دوران پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے 13 لاکھ 61 ہزار 537 آن لائن درخواستیں جمع کروائی گئیں، جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ شہری شناختی دستاویزات کے حصول کے لیے روایتی مراکز کے بجائے ڈیجیٹل سہولت کو ترجیح دے رہے ہیں۔
مارچ 2026 میں پاک آئی ڈی کے ذریعے 3 لاکھ 96 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، جو اپریل میں بڑھ کر 4 لاکھ 47 ہزار 799 تک پہنچ گئیں، جبکہ مئی 2026 کے دوران درخواستوں کی تعداد مزید اضافہ کے ساتھ 5 لاکھ 17 ہزار 696 ریکارڈ کی گئی۔
پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے شہری گھر بیٹھے قومی شناختی کارڈ، ب فارم، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ سمیت دیگر نادرا خدمات حاصل کررہے ہیں، جس کے باعث ڈیجیٹل سروسز کے استعمال میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔