آزاد کشمیر میں حالیہ کشیدہ صورتحال اور مبینہ فائرنگ و توڑ پھوڑ کے واقعات کے بعد ٹرک ڈرائیورز نے خطے کی جانب اپنی نقل و حمل عارضی طور پر روکنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے نتیجے میں کارگو ٹرانسپورٹ سروس بھی محدود کردی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ حالیہ پرتشدد واقعات اور غیر یقینی حالات کے باعث وہ اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کے لیے تیار نہیں، اس لیے آزاد کشمیر کی جانب سفر فی الحال معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایک ٹرک ڈرائیور نے بتایا کہ انہیں کسی تنظیم یا فرد کی جانب سے راستہ اختیار نہ کرنے کی ہدایت نہیں دی گئی، تاہم موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ذاتی تحفظ اور سلامتی کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ جب تک امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر معمول پر نہیں آتی، آزاد کشمیر کے لیے مال بردار گاڑیوں کی آمدورفت بحال نہیں کی جائے گی اور کارگو ٹرانسپورٹ سروس محدود پیمانے پر ہی جاری رہے گی۔