لاہور میں ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ بنوانے والے شہریوں کو بڑی سہولت فراہم کرتے ہوئے شہر کے مختلف سرکاری اسپتالوں میں مفت میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ سینٹرز قائم کر دیے گئے ہیں۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور کے مطابق ابتدائی مرحلے میں شہر کے 13 سرکاری اسپتالوں میں فری ڈرائیونگ لائسنس فٹنس سرٹیفکیٹ سینٹرز فعال کر دیے گئے ہیں جہاں شہری بغیر کسی فیس کے مطلوبہ میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے۔
ان مراکز میں ڈی ایچ کیو میاں میر اسپتال، ڈی ایچ کیو مزنگ، جنرل اسپتال غازی آباد، ٹی ایچ کیو اسپتال سبزہ زار سمیت دیگر اسپتال شامل ہیں جن میں گورنمنٹ اسپتال سمن آباد، قلعہ گجر سنگھ، شاہدرہ، بلال گنج، سوڈیوال، کاہنہ، رائیونڈ اور سوامی نگر شامل ہیں۔
سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ کمرشل ڈرائیونگ لائسنس اور 50 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹس کی روک تھام کے لیے ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔ان کے مطابق آن لائن میڈیکل ویری فکیشن کے ذریعے شفافیت، جوابدہی اور عوامی اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔