سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی کوششیں ناکام ہوں گی، عظمیٰ بخاری

image

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی کوششیں ناکام ہوں گی اور جنوبی پنجاب سمیت پورے صوبے میں ترقیاتی منصوبے تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے علی موسیٰ گیلانی کے ریمارکس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بعض سیاسی رہنما حقائق سے لاعلم ہیں یا جان بوجھ کر سیاسی تنقید کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق اگر تنقید کرنے والے تعصب سے ہٹ کر جنوبی پنجاب کا دورہ کریں تو انہیں وہاں واضح ترقی نظر آئے گی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے دور میں پورے پنجاب کو یکساں اہمیت دی جا رہی ہے اور کسی خطے کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں ہو رہا۔ انہوں نے بتایا کہ ترقیاتی منصوبوں میں جنوبی پنجاب کو ترجیح حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکٹرک بس سروس کا آغاز سب سے پہلے جنوبی پنجاب سے کیا گیا جبکہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت بننے والے گھروں میں بڑی تعداد بھی اسی خطے میں ہے۔ اس کے علاوہ کھیل کے میدانوں، ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن، گرین ٹریکٹر اسکیم، کسان کارڈ اور سپر سیڈر اسکیم سے بھی کسانوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔

وزیر اطلاعات کے مطابق کچے کے علاقوں کی ترقی کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں تاکہ وہاں ترقیاتی کام مزید تیز کیے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کارڈ کے نام پر سیاست اب پرانی ہو چکی ہے اور حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US