لیسکو کا کل لاہور اور گردونواح میں شیڈول شٹ ڈاؤن کا اعلان

image

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بجلی کے ترسیلی نظام کی بہتری اور ضروری مرمتی کاموں کے باعث بدھ 17 جون کو لاہور اور گردونواح کے متعدد علاقوں میں شیڈول شٹ ڈاؤن کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت مختلف علاقوں میں چھ گھنٹے تک بجلی کی فراہمی معطل رہے گی۔

لیسکو کے مطابق مختلف گریڈ اسٹیشنز سے منسلک فیڈرز پر صبح 8 بجے سے دوپہر 2 بجے تک بجلی بند رہے گی۔ متاثرہ علاقوں میں بھائی پھیرو، چونگ، ایمکو، غازی، کاہنہ، خانقاہ ڈوگراں، مومن پورہ، قلعہ اسٹار شاہ، مکہ کالونی، سرفراز نگر، شالیمار، سکھ چین، گجو متہ، لیاقت آباد اور نیو کوٹ لکھپت سمیت متعدد رہائشی اور صنعتی علاقے شامل ہیں۔

اعلامیے کے مطابق بھائی پھیرو گریڈ اسٹیشن کے بی بی جے، مانگا منڈی ون اور تھری فیڈرز، چونگ گریڈ اسٹیشن کے نیو چونگ، شاہکام اور آئی سی سی ٹیکسٹائل فیڈرز جبکہ ایمکو گریڈ اسٹیشن کے تحت کوٹ عبدالمالک، مدینہ گلاس اور اسٹارلیٹ کے صنعتی و رہائشی علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی معطل رہے گی۔

لیسکو انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی کی بندش کے اوقات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے روزمرہ کے معمولات پہلے سے ترتیب دیں اور مرمتی کام کے دوران کمپنی سے تعاون کریں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ شٹ ڈاؤن بجلی کے نظام کو مزید مستحکم اور مؤثر بنانے کے لیے ناگزیر ہے اور کام مکمل ہوتے ہی بجلی فوری طور پر بحال کردی جائے گی۔ کمپنی نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ توانائی کے مؤثر استعمال اور بجلی کی بچت کو بھی یقینی بنائیں۔

دوسری جانب سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) نے بھی اولڈ سکھر اور گردونواح کے متعدد فیڈرز پر مرمتی کام کے باعث شٹ ڈاؤن شیڈول جاری کردیا ہے۔ سیپکو کے مطابق 15 جون سے 18 جون 2026 تک خراب کنڈکٹر کی تبدیلی اور نظام کی بہتری کے لیے روزانہ صبح 8 بجے سے دوپہر 1 بجے تک بجلی کی فراہمی معطل رہے گی۔

سیپکو کے مطابق رائل روڈ، پیر مراد شاہ، جمانی، جناح چوک، گولیمار، جئے شاہ اور اربن فیڈرز سے منسلک علاقوں کے صارفین اس شیڈول سے متاثر ہوں گے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بجلی کی بندش کے دوران ممکنہ مشکلات سے بچنے کے لیے خصوصاً پانی کا ذخیرہ اور دیگر ضروری انتظامات پہلے سے مکمل کرلیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US