بلوچستان کا 1100 ارب روپے سے زائد کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا

image

بلوچستان حکومت آج مالی سال 27-2026 کا ایک ہزار 100 ارب روپے سے زائد حجم کا بجٹ صوبائی اسمبلی میں پیش کرے گی۔ بجٹ اجلاس شام 4 بجے منعقد ہوگا جس میں صوبائی وزیر خزانہ شعیب نوشیروانی بجٹ تجاویز ایوان کے سامنے رکھیں گے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی، امن و امان اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو خصوصی ترجیح دی گئی ہے۔ ترقیاتی پروگرام کے لیے 250 سے 300 ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے جبکہ غیر ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ 700 ارب روپے سے زائد لگایا گیا ہے۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق تعلیم کے شعبے کے لیے 160 ارب روپے سے زائد، صحت کے لیے 85 ارب روپے سے زیادہ جبکہ امن و امان کے قیام کے لیے 100 ارب روپے سے زائد رقم مختص کیے جانے کی توقع ہے۔ اسی طرح محکمہ مواصلات و تعمیرات کے لیے 40 ارب روپے سے زیادہ اور صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں کے لیے 17 ارب روپے سے زائد فنڈز رکھے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کے دوران وفاقی محاصل سے بلوچستان کی آمدنی کا تخمینہ 795 ارب 13 کروڑ روپے سے زائد ہے جس میں قابل تقسیم محاصل سے متوقع آمدنی 771 ارب 39 کروڑ روپے شامل ہے۔ گیس کی مختلف مدات میں براہ راست منتقلیوں سے 23 ارب 74 کروڑ روپے کی آمدنی متوقع ہے جبکہ صوبائی ٹیکسوں سے حاصل ہونے والی آمدنی کا تخمینہ 150 ارب روپے سے زیادہ لگایا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بلوچستان کا آئندہ مالی سال کا بجٹ بھی سرپلس رہنے کا امکان ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کے اعلان کے تناظر میں صوبائی بجٹ میں بھی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی تجاویز شامل کیے جانے کا امکان ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US