کراچی میں ٹریفک چالانوں اور بھاری جرمانوں کے خلاف بس مالکان نے غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام میں بڑے بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
کراچی بس اونرز ایسوسی ایشن کے مطابق 18 جون سے شہر میں بسیں نہیں چلائی جائیں گی اور ہڑتال غیر معینہ مدت تک جاری رہے گی۔ ایسوسی ایشن کے صدر فاروق احمد نے تمام بس مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ کل سے اپنی گاڑیاں سڑکوں پر نہ لائیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
دوسری جانب ڈی آئی جی ٹریفک کراچی پیر محمد شاہ نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ای چالان سسٹم کے باعث گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران ٹریفک حادثات میں 30 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ مرکزی شاہراہوں پر کسی بھی احتجاج یا بندش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق گزشتہ برس متعارف کرایا گیا ای چالان سسٹم شہریوں میں کافی حد تک قبول کیا گیا ہے اور تقریباً 70 فیصد افراد نے اسے مثبت قرار دیا ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے بتایا کہ اس وقت شہر میں 1300 کیمروں کے ذریعے ٹریفک کی نگرانی جاری ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 2250 کیمرے نصب کیے جائیں گے تاکہ ٹریفک نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔