عوامی حقوق کی جدوجہد آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر کی جائے، نواز شریف

image

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو مکمل شہری اور آئینی حقوق حاصل ہیں اور عوامی حقوق کے لیے جدوجہد آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر کی جانی چاہیے۔

لاہور میں مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) مسئلہ کشمیر پر واضح اور دوٹوک مؤقف رکھتی ہے اور جموں و کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے ہمیشہ آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح، بنیادی حقوق اور تعمیر و ترقی کو ترجیح دی ہے۔

نواز شریف نے آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر عبوری آئین ایکٹ 1974 کے تحت عوام کو مکمل شہری آزادیاں حاصل ہیں اور تمام تر توانائیاں عوامی بہبود اور ترقی کے لیے استعمال ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) تمام جمہوری قوتوں کے ساتھ مل کر اپنا مثبت اور مؤثر کردار ادا کرے گی۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے حالیہ واقعات میں سرکاری اہلکاروں اور شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی صورتحال پیدا نہیں ہونی چاہیے تھی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے پاکستان کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں اور پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کی جدوجہد کو اپنی جدوجہد سمجھتے ہوئے ان کا ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے آزاد کشمیر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنے نظریاتی اور فکری رشتے کو برقرار رکھتے ہوئے پرامن رہیں، دھرنوں اور احتجاجی سرگرمیوں کو ختم کرکے بامقصد مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔ نواز شریف نے امید ظاہر کی کہ آزاد کشمیر کی حکومت، حکومتِ پاکستان اور تمام سیاسی جماعتیں مل کر خطے میں امن کے قیام اور جمہوری و انتخابی عمل کے فروغ کے لیے کردار ادا کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان اور اس کے دفاعی اداروں نے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، جنہیں مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان اور آزاد کشمیر میں بھائی چارے، برداشت اور رواداری کی سیاست کو فروغ دینا چاہیے۔

اجلاس کے شرکاء نے آزاد کشمیر کے حالیہ واقعات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے لیے دعائے مغفرت بھی کی۔ اس موقع پر نواز شریف نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں انتخابی سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں منظم کرنے پر وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام کی خدمات کو بھی سراہا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US