جڑواں شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار، مزید بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی

image

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کی شدت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

شہر کے مختلف حصوں میں دوپہر کے وقت سیاہ بادل چھائے رہے جبکہ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی، جس سے شہریوں نے گرمی سے وقتی نجات حاصل کی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مارگلہ پہاڑیوں پر ایک فعال موسمی نظام موجود ہے، جس کے باعث جڑواں شہروں میں آج مزید بارش کا امکان برقرار ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج رات خیبر پختونخوا، کشمیر، جنوبی پنجاب، بالائی سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے چند علاقوں میں موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے، تاہم ملک کے بیشتر دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔

دوسری جانب ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت بلوچستان کے شہر دالبندین میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ سبی میں درجہ حرارت 45 ڈگری جبکہ لاڑکانہ میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US