محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں بلا تعطل بجلی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

image

وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کو ہائی الرٹ رہنے اور خصوصی ایس او پیز پر عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن) کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق محرم الحرام بالخصوص 9 اور 10 محرم کے دوران مجالس اور جلوسوں کے روٹس پر مسلسل اور بلاتعطل بجلی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے واضح کیا ہے کہ امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے فیڈرز پر ٹرانسفارمرز کی مرمت اور ضروری دیکھ بھال 7 محرم سے قبل مکمل کی جائے، جبکہ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ہدایات کے مطابق تمام ڈسکوز کو ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ قریبی رابطے میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی اور بجلی کی فراہمی کے انتظامات مؤثر انداز میں جاری رہیں۔

یہ بھی کہا گیا ہے کہ مجالس اور جلوسوں کے روٹس پر بجلی کی نگرانی کے لیے ہر ڈسکو کا چیف انجینئر بطور انچارج ذمہ دار ہوگا، جبکہ محرم آپریشن کے دوران تمام آپریشنل عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔

پاور ڈویژن کی ہدایات کے مطابق تمام ڈسکوز میں کنٹرول رومز قائم کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔ اس کے علاوہ ہر سب ڈویژن میں اضافی ٹرانسفارمرز، گاڑیاں اور ضروری سامان پہلے سے تیار رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

مزید کہا گیا ہے کہ جلوسوں کے راستوں پر لٹکتی ہوئی تاروں کی فوری مرمت اور درستگی یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے، جبکہ بجلی کے نیٹ ورک پر غیر مجاز افراد کے کام کرنے پر مکمل پابندی اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کا انتباہ بھی دیا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US