پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان گلگت بلتستان میں مل کر حکومت بنانے پر اصولی اتفاق ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کی اعلیٰ قیادت کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں اور رابطوں کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی مسلم لیگ (ن) کے ووٹوں کی حمایت سے گلگت بلتستان میں اپنی حکومت قائم کرے گی، جس کے تحت وزیر اعلیٰ کا عہدہ پیپلز پارٹی کو ملے گا۔
اس سیاسی معاہدے کے تحت گلگت بلتستان کے گورنر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدے مسلم لیگ (ن) کو دیے جانے کا امکان ہے۔
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نوید قمر نے بھی ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دونوں جماعتوں کے درمیان حکومت سازی، گورنر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں کے حوالے سے معاملات طے پاگئے ہیں۔