کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے اپنے مطالبات کی منظوری نہ ہونے پر ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹرز کے تحفظات کو سنجیدگی سے نہیں لیا جا رہا۔
صدر کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد حاجی تواب خان نے کہا کہ مطالبات کے حل کے لیے صوبائی حکومت کے ذمہ داران سے متعدد بار رجوع کیا گیا تاہم اب تک کوئی مؤثر پیش رفت نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ای چالان کے جرمانوں میں کمی ٹرانسپورٹرز کا سب سے بڑا مطالبہ ہے۔
حاجی تواب خان نے کہا کہ حکومت ہماری بات سننے کو تیار نہیں، اسی لیے ہڑتال کل بھی جاری رہے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ای چالان سسٹم نافذ ہونے کے باوجود مینول چالان کا سلسلہ بھی جاری ہے جس سے ٹرانسپورٹرز کو دوہری مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے اعلان کردہ سبسڈی کی رقم آج تک ٹرانسپورٹرز کو نہیں ملی۔
دوسری جانب محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹرز عوام کو بلیک میل کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے سبسڈی کے اعلان کے باوجود ٹرانسپورٹرز نے اپنی مرضی سے کرایوں میں اضافہ کر دیا تھا۔حکومتی ذرائع نے خبردار کیا ہے کہ اگر ٹرانسپورٹرز کرایوں میں کمی نہیں کرتے تو انہیں سبسڈی فراہم نہیں کی جائے گی۔