بلوچستان کے 20 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری

image

الیکشن کمیشن نے بلوچستان کے 20 اضلاع میں جنرل لوکل کونسلز کی خالی نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں خالی ہونے والی 81 نشستوں پر پولنگ 9 اگست 2026ء کو ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پشین (برشور)، چاغی، ژوب، شیرانی، لورالائی، دکی، موسیٰ خیل، سبی، ہرنائی، کوہلو، نصیر آباد، اوستہ محمد، کچھی، جھل مگسی، قلات، خضدار، لسبیلہ، حب، کیچ اور گوادر میں مختلف جنرل لوکل کونسلز کی نشستیں خالی ہوئی ہیں جن پر ضمنی انتخابات کرائے جائیں گے۔

شیڈول کے مطابق ریٹرننگ افسران 30 جون 2026ء کو پبلک نوٹس جاری کریں گے جبکہ امیدوار یکم سے 3 جولائی تک اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 6 سے 8 جولائی تک کی جائے گی اور امیدواروں کی ابتدائی فہرست 9 جولائی کو جاری کی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق کاغذات نامزدگی کی منظوری یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 10 سے 13 جولائی تک دائر کی جا سکیں گی جبکہ اپیلوں پر فیصلے کی آخری تاریخ 16 جولائی مقرر کی گئی ہے۔

امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 17 جولائی کو جاری ہوگی، جبکہ 18 جولائی تک امیدوار انتخابی عمل سے دستبردار ہو سکیں گے۔ 20 جولائی کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کرنے کے ساتھ انتخابی نشانات بھی الاٹ کر دیے جائیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US