وزارت مذہبی امور نے حج 2027 کے لیے عازمین کی رجسٹریشن کا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے تحت رجسٹریشن کا عمل کل سے شروع ہوگا۔
وزارت کے مطابق حج 2027 کی رجسٹریشن مکمل طور پر مفت ہوگی اور اس مقصد کے لیے کسی قسم کی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ رجسٹریشن “پہلے آئیے، پہلے پائیے” کی بنیاد پر کی جائے گی، جبکہ سرکاری اور نجی دونوں حج اسکیموں کے تحت سفرِ حج کے خواہشمند افراد کے لیے رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے۔
وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن کے بغیر کوئی بھی شخص حج کے لیے درخواست جمع نہیں کرا سکے گا۔ رجسٹریشن کے لیے پاسپورٹ کی میعاد کم از کم 26 نومبر 2027 تک مؤثر ہونا ضروری ہے۔ ایک ہی خاندان کے افراد مشترکہ طور پر بھی رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔
وزارت نے بتایا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی حج رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ عازمین ملک بھر کے نامزد بینکوں سے رجسٹریشن کراسکیں گے، جبکہ آن لائن رجسٹریشن کی سہولت بھی دستیاب ہوگی تاکہ شہری گھر بیٹھے اندراج مکمل کرسکیں۔