گلگت بلتستان اسمبلی کے 30 نومنتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا

image

گلگت بلتستان اسمبلی کے 30 نومنتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا جبکہ اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور وزیراعلیٰ کے انتخاب کا عمل آج مکمل کیے جانے کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر نذیر احمد ایڈووکیٹ نے نومنتخب اراکین سے حلف لیا۔ حلف برداری کے بعد اسپیکر نے تمام اراکین کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

حلف اٹھانے والے اراکین میں پاکستان پیپلز پارٹی کے 13، مسلم لیگ (ن) کے 9، استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے 6، مجلس وحدت مسلمین کا ایک اور ایک آزاد رکن شامل ہے۔

اسمبلی اجلاس کے اگلے مرحلے میں اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور وزیراعلیٰ کے انتخاب کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے عمران ندیم اسپیکر کے عہدے کے لیے بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے بھی پیپلز پارٹی کے امجد حسین ایڈووکیٹ کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کا امکان ہے۔

اجلاس کے اختتام پر اسپیکر نذیر احمد ایڈووکیٹ نے گلگت بلتستان اسمبلی کا اجلاس سہ پہر 3 بجے تک ملتوی کر دیا۔ مقررہ وقت پر نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کی کارروائی انجام دی جائے گی۔

واضح رہے کہ گلگت بلتستان کے تین انتخابی حلقوں کے نتائج کا نوٹیفکیشن عدالتی احکامات کے باعث تاحال جاری نہیں کیا جا سکا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US