محکمہ موسمیات نے آج ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعدد شہروں میں موسم خوشگوار ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع بشمول راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ اور لاہور میں بارش متوقع ہے۔ اس کے علاوہ شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، خوشاب، سرگودھا، بھکر، لیہ، میانوالی، قصور، اوکاڑہ، جھنگ، فیصل آباد، خانیوال، ملتان اور وہاڑی میں بھی بارش ہونے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے تاہم دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح خیبر، وزیرستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور اور صوابی میں بھی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی گرم اور خشک موسم کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم بارکھان، سبی، کوہلو اور ژوب میں بارش ہونے کا امکان موجود ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسمی صورتحال سے آگاہ رہنے اور بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔