محرم الحرام کی عام تعطیلات اور ہفتہ وار چھٹیوں کے باعث سرکاری ملازمین کو رواں ہفتے مسلسل چار روز تک تعطیلات مل گئیں۔
سندھ حکومت نے 9 اور 10 محرم الحرام کی چھٹیوں کا اعلان کر دیا۔نوٹی فکیشن کے مطابق 9 اور 10محرم الحرام کے موقع پر 25 اور 26 جون کو عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔۔ ان تعطیلات کے ساتھ ہفتہ اور اتوار کی معمول کی چھٹیاں بھی شامل ہونے سے سرکاری ملازمین کو مجموعی طور پر چار روز کی مسلسل چھٹیاں مل گئیں۔
تعطیلات کے دوران سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے اور متعدد نیم سرکاری ادارے بند رہیں گے جبکہ بعض عوامی خدمات بھی محدود سطح پر جاری رہنے کا امکان ہے۔ تاہم اسپتالوں، ریسکیو سروسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر ضروری خدمات سے وابستہ اہلکار معمول کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔
دوسری جانب محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں مجالس اور جلوسوں کے انعقاد کے لیے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ متعلقہ اداروں کو امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔