پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ کسی بھی فورم پر مذاکرات کے حوالے سے اس وقت کوئی باضابطہ بات چیت جاری نہیں ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے مذاکرات کی دعوت کو خوش آمدید کہتے ہیں، تاہم اس وقت حکومت کے ساتھ کسی بھی سطح پر مذاکرات کا کوئی عمل شروع نہیں ہوا۔ ان کے مطابق مذاکرات ایک سنجیدہ معاملہ ہے جس کے لیے باقاعدہ طور پر بیٹھنا ضروری ہوتا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ مذاکرات ان کی خواہش ضرور ہیں، لیکن واضح رہے کہ تاحال کسی سطح پر کوئی رابطہ قائم نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ جب تک لوگ بانی کے ساتھ کھڑے ہیں، انہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، اس مسئلے کا کوئی نہ کوئی حل نکالنا ہوگا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے سیاسی رہنماؤں کی گرفتاریوں کی بھی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیاست میں مقابلہ کارکردگی کی بنیاد پر ہونے کے حق میں ہیں، نہ کہ جیلوں کے ذریعے۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ کل بانی پی ٹی آئی سے ان کے اہل خانہ کو ملاقات کی اجازت دی جائے۔