بلوچستان میں فیول کنزرویشن اور اضافی کفایتی اقدامات ختم، اعلامیہ جاری

image

حکومت بلوچستان نے فیول کنزرویشن اور دیگر اضافی کفایتی اقدامات فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، تاہم کاروباری اوقات کار سے متعلق پہلے سے نافذ احکامات بدستور برقرار رہیں گے۔

سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 10 مارچ 2026 سے نافذ تمام اضافی کفایتی پابندیاں واپس لے لی گئی ہیں۔

اعلامیے کے مطابق صوبے بھر میں بازار، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند ہوں گے، جبکہ شادی ہالز اور مارکیز کو رات 10 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت ہوگی۔ ریسٹورنٹس، کیفے اور دیگر فوڈ آؤٹ لیٹس کے علاوہ پھل، سبزی، کریانہ اور گروسری کی دکانیں رات 11 بجے تک کاروبار جاری رکھ سکیں گی۔

حکومت کی جانب سے فارمیسیز، اسپتالوں، لیبارٹریز اور کلینکس کو اوقات کار کی پابندیوں سے مکمل استثنیٰ دیا گیا ہے۔ اسی طرح بیکریز، تندور، دودھ اور ڈیری شاپس بھی ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز کو بھی مکمل استثنیٰ حاصل ہوگا۔ مزید برآں جم، اسپورٹس فیسلٹیز، پیڈل کورٹس، آئی ٹی کمپنیوں اور کال سینٹرز کو بھی کاروباری اوقات کار کی پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

حکومت بلوچستان کا کہنا ہے کہ کاروباری سرگرمیوں اور عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US