پنجاب میں محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات کو جدید ٹیکنالوجی سے مزید مؤثر بنانے کے لیے پہلی بار آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) پر مبنی نظام متعارف کرادیا گیا ہے۔ اس نظام کے تحت حساس جلوسوں اور مجالس کا گزشتہ دس سال کا سیکیورٹی ریکارڈ مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کردیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق اسپیشل برانچ اور ضلعی انتظامیہ کو ایک مشترکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر منسلک کیا گیا ہے، جس کے ذریعے تمام سیکیورٹی معلومات ایک مرکزی نظام سے فوری طور پر حاصل کی جاسکیں گی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے لیے اے آئی پر مبنی پیشگی وارننگ سسٹم بھی فعال کردیا گیا ہے، جو ممکنہ خطرات کی بروقت نشاندہی میں مدد فراہم کرے گا۔
دس سالہ ڈیٹا کی بنیاد پر حساس جلوسوں کی نئی سیکیورٹی درجہ بندی بھی کی گئی ہے، جبکہ سیکیورٹی تعیناتیوں کے فیصلے بھی اب ڈیٹا اینالیسز کی روشنی میں کیے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق جلوسوں کے آغاز سے اختتام تک مرکزی کنٹرول روم کے ذریعے ریئل ٹائم مانیٹرنگ کی جائے گی، جس سے صورتحال پر مسلسل نظر رکھنا ممکن ہوگا۔