فیصل آباد میں زہریلا کھانا کھانے سے بہن بھائی جاں بحق، چار افراد زیرِ علاج

image

فیصل آباد کے علاقے سول لائن میں مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے دو کمسن بہن بھائی جاں بحق جبکہ والدین سمیت خاندان کے چار افراد کی حالت غیر ہونے پر انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

اہل خانہ کے مطابق زاہد قادری کے گھرانے نے رات کے کھانے میں دال کھائی جس کے کچھ ہی دیر بعد تمام افراد کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی۔ متاثرین کو فوری طور پر الائیڈ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق واقعے میں دو کمسن بہن بھائی، بتول فاطمہ اور منیر، جانبر نہ ہو سکے جبکہ زیرِ علاج ایک بچے کی حالت بدستور تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

پولیس اور متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ جاں بحق بچوں کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم کر کے نمونے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں تاکہ اموات کی حتمی وجہ کا تعین کیا جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ فرانزک اور لیبارٹری رپورٹس موصول ہونے کے بعد واقعے کی اصل وجوہات سامنے آئیں گی جبکہ تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US