پنجاب میں خواتین کی معاشی خودمختاری کا نیا منصوبہ سحر لانچ

image

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر خواتین کو ہنرمند اور معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے اسکل انہانسمنٹ تھرو ہوم ریچ پروگرام (سحر) کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

حکومتِ پنجاب کے وویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تحت شروع کیے گئے اس منصوبے کا مقصد خواتین کو گھر بیٹھے جدید اور مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں باعزت روزگار اور بہتر معاشی مواقع میسر آ سکیں۔

حکام کے مطابق سحر پروگرام کے لیے 97 کروڑ روپے سے زائد کا تخمینہ رکھا گیا ہے جس کے تحت پنجاب بھر میں 5 ہزار 365 خواتین کو مختلف شعبوں میں مہارتیں سکھائی جائیں گی۔ منصوبے کا بنیادی ہدف خواتین کو ہنرمند افرادی قوت کا حصہ بنانا اور انہیں معاشی طور پر مضبوط بنانا ہے۔

پروگرام کے تحت دور دراز، نیم شہری اور شہری علاقوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کو بیوٹی سروسز، ہاسپٹیلٹی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تربیت فراہم کی جائے گی۔

ہاسپٹیلٹی سیکٹر میں 1,260 خواتین کو آئی تھم اور پی ڈی سی پی کے تعاون سے تربیت دی جا رہی ہے۔ تربیتی پروگرام میں کلنری آرٹس، بیکنگ، گیسٹ ریلیشنز، فرنٹ ڈیسک مینجمنٹ اور ایئر لائن مینجمنٹ سمیت مختلف پیشہ ورانہ کورسز شامل ہیں۔

حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ سحر پروگرام خواتین کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرکے انہیں معاشی خودمختاری کی جانب گامزن کرنے اور روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US