محرم الحرام کے سلسلے میں سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے کمشنر کراچی سید حسن نقوی اور ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے نمائش چورنگی کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مرکزی جلوس کے روٹ، جلوس گاہوں اور داخلی و خارجی راستوں کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔
حکام نے جلوس کے راستوں پر صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹس، پانی کی فراہمی اور دیگر بنیادی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ متعلقہ اداروں کے افسران اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندگان نے محرم الحرام کے دوران کیے جانے والے سیکیورٹی و انتظامی اقدامات پر بریفنگ دی۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق کراچی پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر ادارے مکمل رابطے میں ہیں اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔