دیر لوئر میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) خیبرپختونخوا اور ضلعی پولیس کی مشترکہ کارروائی میں 6 انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق ہلاک دہشت گرد باڈوان پل پولیس پوسٹ پر حملے، کانسٹیبل محمد اسماعیل کی شہادت اور دہشت گردی کی متعدد دیگر کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ہلاک ہونے والوں میں خلیل الرحمان عرف صدام، نجم الدین عرف ابو جانہ اور کفایت اللہ شامل ہیں، جبکہ دیگر دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 6 کلاشنکوف اور 3 ہینڈ گرینیڈ بھی برآمد کیے گئے۔ حکام کے مطابق فرار ہونے والے دہشت گردوں کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
آپریشن کی کامیابی پر انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کارروائی میں حصہ لینے والے اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔