بھکر کے علاقے منکیرہ کے قریب گریٹر تھل کینال میں نہاتے ہوئے 3 کمسن بچے ڈوب گئے جن میں دو سگے بھائی بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق بچوں کی عمریں 8 سے 12 سال کے درمیان تھیں اور وہ دوپہر کے وقت گھر سے نکلے تھے۔ شام تک واپس نہ آنے پر اہل خانہ کو تشویش ہوئی اور بچوں کی تلاش شروع کی گئی۔
تلاش کے دوران نہر کے کنارے بچوں کے کپڑے اور دیگر سامان ملا جس کے بعد خدشہ ظاہر کیا گیا کہ وہ نہاتے ہوئے پانی میں ڈوب گئے ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے 12 سالہ طیب کی لاش نہر سے نکال لی جبکہ دیگر دو بچوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
رات گئے تک ریسکیو ٹیمیں اور مقامی لوگ نہر میں بچوں کی تلاش میں مصروف رہے۔ واقعے پر علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی جبکہ اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں۔