ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر گزشتہ روز پاکستان کا ایک روزہ خصوصی دورہ کیا، جس کے دوران انہوں نے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقاتیں کیں۔
ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ باضابطہ ملاقات میں دونوں ممالک کی قیادت نے پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
طاہر حسین اندرابی کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے علاقے برگن اسٹاک میں ایران اور امریکا کے درمیان پاکستان کی ثالثی میں مذاکرات کا انعقاد ہوا، جبکہ 21 جون کو مذاکرات کا دوسرا دور بھی منعقد کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ان مذاکرات میں پاکستان کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نمائندگی کی۔ ترجمان کے مطابق مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے تین خصوصی تکنیکی ورکنگ گروپس تشکیل دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلا گروپ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق امور کا جائزہ لے رہا ہے، جبکہ دوسرا گروپ پابندیوں اور منجمد اثاثوں کے معاملات پر کام کررہا ہے۔ ترجمان کے مطابق تیسرا ورکنگ گروپ لبنان کی صورتحال اور اس سے متعلق امور کا جائزہ لے رہا ہے۔
طاہر حسین اندرابی نے مزید کہا کہ ان تکنیکی گروپس کی سفارشات کی روشنی میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے آئندہ مراحل کو آگے بڑھایا جائے گا۔