پنجاب کے تین بڑے طبی منصوبے تکمیل کے قریب، مختلف اداروں کے افتتاح کی تاریخیں مقرر

image

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے تین بڑے طبی منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا، نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ اور جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کا تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے اور ادارے کا افتتاح 15 جولائی کو متوقع ہے، جبکہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ 31 جولائی اور جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور 15 اگست کو عوام کے لیے کھولے جانے کا امکان ہے۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پنجاب میں اب تک 2 کروڑ 20 لاکھ مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت 13 ہزار 550 بچوں کے دل کے مفت آپریشن مکمل کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 7 لاکھ 28 ہزار مریضوں کو ان کی دہلیز تک مفت ادویات پہنچائی گئی ہیں۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈائیسپورا ڈاکٹر لوکم پروگرام (ڈی ڈی ایل پی) کی منظوری بھی دی، جس کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانی اور غیر ملکی ماہر ڈاکٹرز کو پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں مختصر مدت کے لیے خدمات انجام دینے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں بہترین انسانی وسائل اور عالمی معیار کی طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح اور ان کا مشن ہے، تاکہ عوام کو جدید اور معیاری علاج کی سہولیات میسر آسکیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US