صدر مملکت آصف علی زرداری نے مالی سال 2026-27 کے فنانس بل کی منظوری دے دی، جس کے بعد وفاقی بجٹ یکم جولائی 2026 سے باقاعدہ طور پر نافذ العمل ہوجائے گا۔
ذرائع کے مطابق صدر کے دستخط کے بعد فنانس بل کو گزٹ نوٹیفکیشن کے لیے پرنٹنگ کارپوریشن بھجوا دیا جائے گا۔ 18 ہزار ارب روپے سے زائد حجم کے وفاقی بجٹ پر نئے مالی سال کے آغاز کے ساتھ عملدرآمد شروع ہو جائے گا، جبکہ بجٹ میں شامل تمام مالیاتی اقدامات بھی اسی تاریخ سے نافذ ہوں گے۔
فنانس ایکٹ 2026-27 کے تحت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 7 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ مختلف ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں میں ردوبدل بھی یکم جولائی سے مؤثر ہوگا۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے فنانس بل منظوری کے لیے گزشتہ روز ایوان صدر ارسال کیا گیا تھا، جسے صدر مملکت نے حتمی منظوری دے دی ہے۔
فنانس ایکٹ کے نفاذ کے بعد وفاقی حکومت نئے مالی سال کے مقررہ اہداف کے حصول کے لیے ترقیاتی اور مالیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کا آغاز کرے گی۔