ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق یومِ عاشور کے سکیورٹی انتظامات کے تحت صوبے کے 24 اضلاع میں حساس مقامات پر موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رہے گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ موبائل سروس صرف جلوسوں اور مجالس کے حساس علاقوں میں بند کی جائے گی، جبکہ لاہور سمیت پنجاب کے دیگر تمام اضلاع میں موبائل فون سروس مکمل طور پر بحال رہے گی۔
جن اضلاع میں جزوی طور پر موبائل سروس معطل رہے گی ان میں راولپنڈی، اٹک، چکوال، سرگودھا، خوشاب، بھکر، حافظ آباد، گجرات، نارووال، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، چنیوٹ، ملتان، ساہیوال، اوکاڑہ، پاکپتن، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، مظفرگڑھ، لیہ، کوٹ ادو، بہاولنگر اور رحیم یار خان شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق ان اضلاع میں مجالس اور جلوسوں کے مقامات پر رات 10 بجے تک موبائل سروس جزوی طور پر بند رہے گی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ امن و امان کے قیام اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مخصوص مقامات پر موبائل سروس کی عارضی معطلی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ نے پولیس کی درخواست پر وفاقی حکومت کو مراسلہ ارسال کیا تھا، جس میں تمام 24 اضلاع میں مجالس اور جلوسوں کے مقامات کے لوکیشن کوآرڈینیٹس بھی فراہم کیے گئے تھے۔ وفاقی حکومت نے بعد ازاں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو مخصوص مقامات پر موبائل سروس کی جزوی معطلی کے احکامات جاری کر دیے ہیں