پنجاب میں 18 سال سے کم عمر کی شادی کو جرم قرار دینے والے قانون کے خلاف فیڈرل شریعت کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
درخواست مفتی محمد اسلم نے اپنے وکیل مدثر چوہدری ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر کی، جس میں گورنر پنجاب سمیت دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنجاب چائلڈ میرج ریسٹرینٹ آرڈیننس 2026 کی بعض شقیں آئین اور شریعت سے متصادم ہیں۔ درخواست گزار کے مطابق 18 سال سے کم عمر میں نکاح کو جرم قرار دینا اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ آرڈیننس کی متعلقہ شقوں کو کالعدم قرار دیا جائے اور حتمی فیصلے تک قانون پر عمل درآمد بھی معطل کیا جائے۔