بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کریں گے، آئی ایس پی آر

image

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق 27 جون 2026 کو کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے ایک کیمپ پر بھارت کے پراکسی گروہ جماعت الاحرار سے تعلق رکھنے والے خوارج نے بزدلانہ دہشت گرد حملہ کیا۔

دہشت گردوں نے کیمپ کے مرکزی دروازے پر دھماکا کرنے کے بعد حفاظتی حصار توڑ کر اندر داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم پاکستان رینجرز (سندھ) کے مستعد اور بہادر جوانوں نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔ جوابی کارروائی کے دوران تین خوارج ہلاک جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، جو افغان شہری ہے۔

فائرنگ کے تبادلے کے دوران وطن کے تین بہادر سپوت مادرِ وطن پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے، جبکہ چار اہلکار زخمی ہوئے۔

علاقے میں کسی بھی مزید بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے خوارج کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے "عزمِ استحکام" کے وژن کے تحت ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی بھرپور انسدادِ دہشت گردی مہم جاری رکھیں گے۔

پاکستان اپنے شہداء کے خون کا حساب لینے اور اس حملے کے ذمہ دار عناصر کو انجام تک پہنچانے کے لیے بھرپور جوابی کارروائیاں کرے گا۔

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورس نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ ان عظیم قربانیوں نے وطن کے دفاع اور قومی سلامتی کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کے ہمارے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US