وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے، جس سے پاکستان کے بیانیے کو مزید تقویت ملی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ یہ ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے جسے دونوں ممالک نے باقاعدہ طور پر تسلیم کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ پانی پاکستان کی بقا کا معاملہ ہے اور اس حوالے سے قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی سیمینار میں دنیا بھر سے آبی ماہرین شرکت کر رہے ہیں، جو اس موضوع پر عالمی دلچسپی اور پاکستان کے مؤقف کی اہمیت کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا بین الاقوامی سیمینار ہے، جس میں سندھ طاس معاہدے اور آبی وسائل سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر بین الاقوامی فورم پر مؤثر انداز میں آواز بلند کرتا رہے گا۔