عالمی یوم پارلیمان: وزیراعظم کا جمہوریت، آئین اور پارلیمانی بالادستی کے عزم کا اعادہ

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی یوم پارلیمان کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن جمہوری ریاستوں کو جمہوریت کے نمائندہ اداروں، آئین کی بالادستی، پارلیمان کی مرکزی حیثیت، شفافیت، جوابدہی، قانون کی حکمرانی اور عوامی شرکت کے اصولوں کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئین پاکستان جمہوری نظام حکومت اور جمہوری اقدار کی ضمانت دیتا ہے اور اس کی اصل روح کے مطابق اقتدار کا سرچشمہ عوام ہیں، جبکہ منتخب نمائندے یہ اختیار عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود کے لیے ایک مقدس امانت کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان وہ آئینی فورم ہے جہاں قومی مسائل پر عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے قوانین وضع کیے جاتے ہیں، قومی وسائل کے استعمال کی نگرانی کی جاتی ہے اور ان کے تحفظ کو یقینی بنایا جاتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمانی جمہوریت نے تمام طبقات اور گروہوں کی شمولیت اور مؤثر نمائندگی کے حوالے سے نمایاں پیش رفت کی ہے۔ خواتین، اقلیتوں، چھوٹے صوبوں اور دیگر محروم طبقات کی آواز کو پارلیمانی نظام میں مؤثر انداز میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں خواتین اور غیر مسلم شہریوں کے لیے مخصوص نشستیں اسی آئینی عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔

وزیراعظم کے مطابق سینیٹ وفاقی اکائیوں کو مساوی نمائندگی فراہم کرکے پاکستان کے وفاقی کردار کو مزید مستحکم بناتا ہے، جبکہ شفافیت، معلومات تک رسائی اور عوامی شمولیت کے فروغ کے لیے پارلیمان نے قانون سازی، پارلیمانی مباحث اور کمیٹی رپورٹس کو عوامی دسترس میں لانے جیسے اہم اقدامات کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان بین الاقوامی پارلیمانی سفارت کاری میں بھی فعال کردار ادا کر رہی ہے اور بین الپارلیمانی یونین، پارلیمانی فرینڈشپ گروپس اور دیگر عالمی فورمز کے ذریعے عالمی امن، مکالمے، پائیدار ترقی، انسانی حقوق، صنفی مساوات اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام کے اختتام پر آئین کی بالادستی، پارلیمانی جمہوریت، وفاقیت، شمولیت، قانون کی حکمرانی، شفافیت، جوابدہی اور عوامی فلاح کے اصولوں سے غیر متزلزل وابستگی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمان جمہوری حکومت اور عوام کے درمیان مضبوط رابطہ قائم کرتی ہے تاکہ ریاستی نظام عوامی امنگوں اور اجتماعی فلاح کے مطابق آگے بڑھ سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US