فرانس نے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کے تحفظ اور بارودی سرنگوں کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے مائن ہنٹرز (بارودی سرنگیں تلاش کرنے والے بحری جہاز) تعینات کر دیے ہیں۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ فرانسیسی مائن ہنٹرز اپنے اتحادی شراکت داروں کے ساتھ مل کر آبنائے ہرمز میں محفوظ جہاز رانی اور بحری ٹریفک کی مکمل بحالی کو یقینی بنانے کے لیے تیار ہیں۔
صدر میکرون کے مطابق عمانی حکام سے مشاورت کے بعد فرانس نے اپنا طیارہ بردار بحری جہاز چارلس ڈیگال بندرگاہ واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم بارودی سرنگوں کی تلاش اور انہیں ناکارہ بنانے والے بحری جہاز اور ان کا حفاظتی دستہ علاقے میں بدستور موجود رہے گا اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ایران نے آبنائے ہرمز میں فرانسیسی شمولیت کی مخالفت کی تھی، تاہم فرانس نے اب اس مشن کے تحت اپنی بحری موجودگی کو فعال کرتے ہوئے اہم عالمی تجارتی گزرگاہ میں سیکیورٹی اقدامات مزید مضبوط کر دیے ہیں۔