امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کی بڑی وجہ ایران جنگ کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کی انتخابی ناکامی پر دیانتدارانہ گفتگو جنگ سے ہی شروع ہونی چاہیے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے تفصیلی بیان میں جے ڈی وینس نے کہا کہ ہماری شکست کی وجہ جنگ ہے اور صدر ٹرمپ نے بھی گزشتہ رات اسی حقیقت کی نشاندہی کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں کہ ریپبلکنز کو شکست کیوں ہوئی اور اب مستقبل کی حکمت عملی طے کرنے کے لیے اس حقیقت کو تسلیم کرنا ہوگا۔
امریکی نائب صدر نے مزید کہا کہ انتخابی اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ریپبلکن ووٹرز نے ووٹ تو ڈالے، تاہم انہوں نے اپنی ہی جماعت کے امیدواروں کی حمایت نہیں کی۔ ان کے مطابق پارٹی کا معاشی پیغام اور انتخابی بیانیہ بھی عوام تک مؤثر انداز میں نہیں پہنچ سکا۔
جے ڈی وینس نے حالیہ پولنگ ڈیٹا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2024 میں ڈونلڈ ٹرمپ کو ووٹ دینے والے امریکی ووٹرز اب چار بنیادی مطالبات کر رہے ہیں، جن میں ایران جنگ کا خاتمہ، مہنگائی پر قابو پانا، امریکا فرسٹ پالیسی پر عمل درآمد اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات میں تبدیلی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ایران پر امریکی بمباری کے فیصلے سے قبل جے ڈی وینس نے جنگ کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ انہیں خدشہ تھا کہ امریکا ایک ایسے تنازع میں الجھ سکتا ہے جس سے نکلنا مشکل ہوگا۔
امریکی میڈیا کے مطابق جے ڈی وینس 2028 کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کرتے ہیں تو ریپبلکن پارٹی کی صدارتی نامزدگی کے لیے ان کا نام اہم امیدواروں میں شمار کیا جا سکتا ہے۔