پاکستان اور ترکیہ کو برادرانہ تعلقات کو مضبوط اقتصادی شراکت داری میں بدلنا ہوگا، اسحاق ڈار

image

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مثالی سیاسی اور برادرانہ تعلقات کو ایک مضبوط اور متحرک اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

استنبول میں پاکستان-ترکیہ بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات بین الاقوامی تاریخ میں منفرد حیثیت رکھتے ہیں اور پاکستان و ترکیہ نے ہمیشہ علاقائی امن، انسانی ہمدردی اور ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی منظرنامہ تیزی سے تبدیل ہورہا ہے، جہاں جغرافیائی سیاست، ٹیکنالوجی، توانائی کے نئے رجحانات اور عالمی تجارتی نظام معیشتوں کی تشکیل نو کر رہے ہیں۔ ایسے میں وہی ممالک ترقی کریں گے جو باہمی تعاون، متنوع شراکت داری اور مضبوط اقتصادی روابط کو فروغ دیں گے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ یورپ، ایشیا، مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے سنگم پر واقع ہیں، جس کی بدولت دونوں ممالک خطے اور عالمی منڈیوں کو آپس میں جوڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اور اس جغرافیائی اہمیت کو اقتصادی فائدے میں تبدیل کرنا چاہیے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ دور میں اقتصادی سفارت کاری قومی ترقی اور خوشحالی کا بنیادی ذریعہ بن چکی ہے، لہٰذا سفارت خانوں، تجارتی مشنز، سرمایہ کاری کے اداروں اور کاروباری تنظیموں کو تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مزید قریبی تعاون کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پاکستان جامع اقتصادی اصلاحات پر عمل پیرا ہے، جن کا مقصد معاشی استحکام، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانا ہے۔

وزیر خارجہ نے توانائی، معدنیات، بجلی کے بنیادی ڈھانچے، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ، زراعت، لاجسٹکس، سیاحت اور دفاعی صنعتوں سمیت مختلف شعبوں میں ترک سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان شعبوں میں سرمایہ کاری سے نہ صرف تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ ٹیکنالوجی کی منتقلی، صنعتی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

انہوں نے مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل جدت، فِن ٹیک، جدید مینوفیکچرنگ اور تحقیقی تعاون کو مستقبل کی معیشتوں کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی جامعات، تحقیقی اداروں اور نجی شعبے کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کو بدلتی ہوئی عالمی صورتحال میں صرف ردعمل تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ مشترکہ طور پر مستقبل کی تشکیل میں فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے پر انحصار کرتے ہوئے عالمی منڈیوں میں کسی بھی کمپنی اور کاروباری ادارے کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ نہ صرف قابل اعتماد دوست ہیں بلکہ خوشحالی، جدت اور علاقائی استحکام کے شراکت دار بھی ہیں، اور دونوں ممالک کو مشترکہ ترقی کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

اپنے خطاب کے اختتام پر نائب وزیراعظم نے ترکی زبان کا مقولہ ایکی روح، بیر قلب دہراتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کی دوستی اور بھائی چارے کو زندہ باد قرار دیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US