پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال نے لاہور کی سیشن عدالت کی جانب سے ایم پی اے ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ کی عبوری قبل از گرفتاری ضمانت میں 13 جولائی تک توسیع کیے جانے پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے قانونی کارروائی پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں الزام عائد کیا کہ ایم پی اے ہونے کا پورا فائدہ اٹھا کر بااثر افراد کو بار بار تاریخیں دی جا رہی ہیں، جبکہ ان کے نمائندوں کو دباؤ اور ہراسانی کا سامنا ہے۔
یہ معاملہ مئی میں اس وقت منظرِ عام پر آیا تھا جب اداکارہ نے دعویٰ کیا تھا کہ شادی کی پیشکش مسترد کرنے پر ثاقب چدھڑ کی جانب سے انہیں، ان کی بہن اور منگیتر کو سائبر بُلنگ، آن لائن ہراسانی اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
اس حوالے سے 4 جون کو این سی سی آئی اے نے مقدمہ درج کیا تھا، تاہم ملزم کو 5 جون کو عبوری ضمانت مل گئی تھی جس میں اب تک متعدد بار توسیع کی جاچکی ہے، جبکہ اس معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی سیاسی اثر و رسوخ استعمال نہ کرنے کی تنبیہ کر رکھی ہے۔