’’سیف پر حملے کے بعد میں تقریباً 6 ماہ تک سکون سے سو نہیں سکی۔ اس رات میں سڑک پر بھاگ رہی تھی اور مسلسل ’رکو، رکو‘ پکار رہی تھی۔ سب کچھ اتنا اچانک اور خوفناک تھا کہ ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے کسی فلم کا منظر حقیقت بن گیا ہو۔‘‘
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور نے اپنے شوہر سیف علی خان پر ہونے والے جان لیوا حملے کے بعد گزرنے والے مشکل ترین وقت سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا ہے کہ اس واقعے نے انہیں ذہنی طور پر بری طرح متاثر کیا تھا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کرینہ کپور اور سیف علی خان نے حال ہی میں مشہور پروگرام ’کافی ود کرن‘ میں شرکت کی، جہاں دونوں نے اپنی زندگی کی اس خوفناک رات کا ذکر کیا جس نے ان کے پورے خاندان کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ کرینہ کپور نے بتایا کہ گھر میں اچانک ایک اجنبی شخص کے داخل ہونے اور سیف پر چاقو سے حملے کے بعد ایسی افراتفری مچی کہ انہیں کچھ سمجھ نہیں آرہا تھا کہ کیا کیا جائے۔ اداکارہ کے مطابق وہ گھبراہٹ کے عالم میں سڑک پر نکل آئیں اور مدد کے لیے آوازیں لگاتی رہیں، جبکہ اس واقعے کا خوف کئی ماہ تک ان کے ذہن پر سوار رہا۔
سیف علی خان نے بھی اس رات کو اپنی زندگی کا بدترین تجربہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ حملے کے دوران انہیں شدید زخم آئے اور اس تکلیف دہ صورتحال میں خود کو سنبھالنا انتہائی مشکل تھا۔ اداکار کے مطابق اچانک پیش آنے والے اس واقعے نے نہ صرف انہیں جسمانی طور پر متاثر کیا بلکہ ان کے اہلِ خانہ کو بھی شدید پریشانی میں مبتلا کردیا۔ دونوں اداکاروں نے اس مشکل وقت میں ساتھ دینے والے رشتہ داروں، قریبی دوستوں اور خیر خواہوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی محبت اور حوصلہ افزائی نے اس صدمے سے نکلنے میں اہم کردار ادا کیا۔
یاد رہے کہ یہ خوفناک واقعہ 16 جنوری 2025 کی علی الصبح ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع سیف علی خان اور کرینہ کپور کی رہائش گاہ پر پیش آیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق ایک نامعلوم شخص گھر میں داخل ہوا، جہاں پہلے اس کا سامنا گھریلو ملازم سے ہوا۔ صورتحال دیکھ کر سیف علی خان نے مداخلت کی تو حملہ آور نے ان پر چاقو سے متعدد وار کردیے، جس کے نتیجے میں اداکار شدید زخمی ہوگئے۔ واقعے کے فوراً بعد انہیں ایک آٹو رکشے کے ذریعے اسپتال پہنچایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی جان بچانے کے لیے تقریباً 6 گھنٹے طویل آپریشن کیا۔
کامیاب سرجری اور طبی نگرانی کے بعد سیف علی خان کو 21 جنوری 2025 کو اسپتال سے گھر جانے کی اجازت دے دی گئی تھی۔ اگرچہ اداکار جسمانی طور پر صحت یاب ہوگئے، تاہم کرینہ کپور کے حالیہ انکشافات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس حادثے کے نفسیاتی اثرات ان کے خاندان پر طویل عرصے تک برقرار رہے۔ کرینہ اور سیف کی اس گفتگو نے ایک بار پھر اس واقعے کو خبروں کی زینت بنا دیا ہے، جس نے گزشتہ سال بالی ووڈ سمیت ان کے لاکھوں مداحوں کو تشویش میں مبتلا کردیا تھا۔