"کرینہ کپور اب تک کی سب سے کول سوتیلی ماں ہیں۔"
بالی ووڈ اداکار سیف علی خان کے بیٹے ابراہیم علی خان نے اپنی سوتیلی والدہ کرینہ کپور کے ساتھ تعلقات کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔ نوجوان اداکار نے کرینہ کو دنیا کی سب سے کول سوتیلی ماں قرار دے کر واضح کیا کہ ان کے خاندان میں محبت اور اپنائیت کا رشتہ قائم ہے۔
حال ہی میں اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے والے ابراہیم اپنی بہن سارہ علی خان کے ہمراہ معروف شو کے ایک ویڈیو پیغام میں نظر آئے۔ دونوں بہن بھائیوں نے اپنے والد سیف علی خان اور کرینہ کپور کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، تاہم ابراہیم کے ایک جملے نے سب کی توجہ حاصل کرلی۔
بیٹے کی بات سن کر سیف علی خان نے بھی اپنے خاندان کے تعلقات پر گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اچھے رشتے صرف ایک شخص کی کوشش سے نہیں بنتے بلکہ دونوں طرف سے محبت اور احترام ضروری ہوتا ہے۔ کرینہ نے ہمیشہ سارہ اور ابراہیم کو اپنائیت دی اور دونوں بچوں نے بھی ان کے ساتھ اچھا تعلق قائم رکھا۔
اس دوران کرینہ کپور نے بھی بتایا کہ ابراہیم اپنے چھوٹے بھائیوں تیمور اور جہانگیر کے بہت قریب ہیں۔ دونوں بچے اپنے بڑے بھائی کو بے حد پسند کرتے ہیں اور انہیں اپنے لیے ایک مثال سمجھتے ہیں۔
سیف علی خان کے مطابق ابراہیم جب گھر آتے ہیں تو اپنے چھوٹے بھائیوں کے کمرے میں ضرور جاتے ہیں اور ان کے ساتھ وقت گزارتے ہیں۔ خاص طور پر جہانگیر اور ابراہیم کے درمیان ایک الگ ہی دوستی ہے، جسے دیکھ کر انہیں خوشی محسوس ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ سیف علی خان نے پہلی شادی اداکارہ امرتا سنگھ سے کی تھی، جن سے ان کے دو بچے سارہ اور ابراہیم ہیں۔ دونوں کی شادی 2004 میں ختم ہوگئی تھی۔ بعد ازاں سیف نے 2012 میں کرینہ کپور سے شادی کی، جن سے ان کے دو بیٹے تیمور اور جہانگیر ہیں۔
ابراہیم کے حالیہ بیان نے ایک بار پھر اس بات کو نمایاں کیا ہے کہ والدین کی علیحدگی اور دوسری شادی کے باوجود خاندان کے افراد ایک دوسرے کے ساتھ خوشگوار تعلقات برقرار رکھ سکتے ہیں۔