پاکستانی شوبز کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنی بیٹی نریمان انصاری کی ناکام شادی اور سابق داماد کے حوالے سے کھل کر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ پڑھے لکھے مرد بظاہر خوش اخلاق، نفیس اور مہذب نظر آتے ہیں مگر ان کے رویے اور ماضی کے اعمال بالکل مختلف ہوتے ہیں۔
بشریٰ انصاری نے اپنے ولاگ میں کہا میں نے بہت سے ایسے پڑھے لکھے مگر بے شرم مرد دیکھے ہیں جن کی دوسری شادیاں بھی صرف اس لیے کامیاب ہو جاتی ہیں کہ وہ بہت چالاک اور ہوشیار ہوتے ہیں۔ وہ میٹھی باتیں کرتے ہیں، اچھی انگریزی بولتے ہیں اور بظاہر بڑے سلیقے والے دکھائی دیتے ہیں لیکن دوسری عورتوں کو معلوم نہیں ہوتا کہ ان کی سوچ کتنی گندی ہے اور وہ اپنی پچھلی زندگی میں کیا کچھ کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا ان کے پچھلی بیویوں کے ساتھ کوئی بڑا مسئلہ یا حقیقی اختلاف نہیں ہوتا وہ صرف مالی فائدے اور دنیاوی مفاد کے لیے اپنی زندگی بدل لیتے ہیں۔ ہم نے یہ سب اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے۔ مجھے حیرت ہوتی ہے کہ ایسے پڑھے لکھے مگر بدتمیز اور غیر ذمہ دار مردوں کو پھر بھی تعلیم یافتہ عورتیں مل جاتی ہیں۔
بشریٰ انصاری نے مزید کہا ہم نے سنا ہے کہ اس نے ایک بہت زیادہ تعلیم یافتہ خاتون سے شادی کرلی ہے۔ لوگوں نے اسے سمجھایا بھی مگر اس نے کسی کی بات نہیں سنی۔ وہ خود کو قربان کرنے کے لیے تیار ہے اس کے لیے کمانا چاہتی ہے اور مالی سہارا بننا چاہتی ہے۔ اگر وہ اس کی کفیل بننا چاہتی ہے تو بنے، اس شخص نے ایک اور شکار ڈھونڈ لیا ہے۔
اداکارہ نے سخت لہجے میں کہا ایسے لوگ اپنی نرم گفتگو اور بظاہر مہذب رویے سے اپنے شکار کو قابو کرتے ہیں۔ اسی طرح میری بیٹی کو بھی دھوکا دیا گیا، اور اب دوسرے لوگ بھی اس کے جال میں آنے کے لیے تیار ہیں۔ میں کیا کہوں؟ ہم نے یہ بھی دیکھا کہ ایک پڑھے لکھے صحافی کے بیٹے نے ڈمبلز کے ذریعے اپنی بیوی کی جان لے لی۔ ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ ہماری بیٹی زندہ ہے اور اب خوش ہے۔
بشریٰ انصاری پاکستان کی ان باصلاحیت فنکاراؤں میں شامل ہیں جنہوں نے کئی دہائیوں پر محیط کیریئر میں یادگار ڈراموں اور کرداروں کے ذریعے اپنی منفرد شناخت بنائی۔ آنگن ٹیڑھا، بادلوں پر بسیرا، بارات سیریز، پردیس، بلقیس کور، تیرے بن، ویری فلمی، کبھی میں کبھی تم اور دیگر کئی ڈراموں میں ان کی اداکاری کو ناظرین نے بے حد پسند کیا۔
ان دنوں بشریٰ انصاری ڈرامہ سیریل شیدائی میں اپنی اداکاری کے باعث مداحوں کی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔ اداکارہ اپنی پہلی شادی سے دو بیٹیوں نریمان انصاری اور میرا انصاری کی والدہ ہیں۔ ان کی پہلی شادی ٹی وی پروڈیوسر اقبال انصاری سے ہوئی تھی۔
بشریٰ انصاری اس سے قبل بھی اپنی بڑی بیٹی نریمان انصاری کی طلاق اور اس کے بعد پیش آنے والے حالات کا ذکر کرچکی ہیں۔ ان کے مطابق نریمان کے سابق شوہر نے ان کے ساتھ بے وفائی کی، بچوں کو چھوڑ دیا اور مبینہ طور پر ان کے مالی معاملات اور اثاثوں کو بھی نقصان پہنچایا جس کے بعد وہ اپنی زندگی میں آگے بڑھ گیا۔ بشریٰ انصاری کی چھوٹی بیٹی بھی طلاق کے مرحلے سے گزر چکی ہیں، تاہم وہ اب اپنی زندگی میں خوشی سے آگے بڑھ رہی ہیں۔
سینئر اداکارہ کے تازہ بیان نے سوشل میڈیا پر ایک بار پھر گھریلو رشتوں، دھوکے، دوسری شادی اور خواتین کے مالی و جذباتی استحصال سے متعلق بحث چھیڑ دی ہے۔ بشریٰ انصاری کے الفاظ سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اپنی بیٹی کے ساتھ ہونے والے تجربے کو محض ایک ذاتی دکھ نہیں بلکہ معاشرے میں موجود ایک بڑے مسئلے کے طور پر دیکھتی ہیں۔