تہران میں ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جنازے کا جلوس شروع ہو گیا، جس میں لاکھوں سوگواروں نے شرکت کی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق جلوس کا آغاز امام خمینی گرینڈ مصلیٰ سے ہوا، جہاں آیت اللہ خامنہ ای کی میت گزشتہ دو روز سے عوامی دیدار کے لیے رکھی گئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق منتظمین کا کہنا ہے کہ جنازے کا جلوس تقریباً 10 سے 12 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے اور یہ تقریباً 10 کلومیٹر طویل راستہ طے کرے گا۔
جلوس دماوند اسٹریٹ، امام حسین اسکوائر، انقلاب اسٹریٹ، انقلاب اسکوائر، آزادی اسٹریٹ، آزادی اسکوائر اور شہید لشگری ہائی وے سے گزرتا ہوا مہر آباد ایئرپورٹ کے قریب اختتام پذیر ہوگا۔
پاسدارانِ انقلاب کے سینئر کمانڈر جنرل حسن حسن زادہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ نظم و ضبط اور پُرامن انداز میں آزادی اسکوائر پہنچیں، جہاں سے جنازے کا جلوس گزرے گا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق تہران میں جنازے کی رسومات کے بعد آیت اللہ خامنہ ای کی میت قم منتقل کی جائے گی، جس کے بعد نجف اور کربلا لے جائی جائے گی، جبکہ تدفین مشہد میں کی جائے گی۔